سینکڑوں اموات کے بعد نیا سونامی
Reading Time: < 1 minuteانڈونیشیا کے جزیرہ سماترا اور جاوا پر ساحلی قصبوں سے اونچی سمندری لہروں کے ٹکرانے کے باعث کم از کم 281 افراد کی موت کے بعد جزیرہ کراکاٹوا آتش فشاں کے قریب سمندر کے آس پاس بسنے والے رہائشیوں کو نئے سونامی کے خطرے کے پیش نظر ساحل سے دور رہنے کی وارننگ دی گئی ہے ۔
انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا ہے کہ کراکاٹوا آتش فشاں کے پھٹنے کے سبب سمندر کے اندر مٹی کے تودے گرنے سے سونامی آیا جس سے سینکڑوں عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ بی بی سی کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے سربراہ سٹوپو پروہ نگورو نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ’محکمہ موسمیات، کلائمیٹالوجی اور جیو فیزیکل ایجنسی کی سفارشات کے تحت لوگوں کو کچھ عرصے کے لیے ساحل سے دور رہنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔‘
صدر جوکو وڈوڈو نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور لوگوں سے صبر کی تلقین کی ہے ۔ دوسری جانب سڑکوں کی بندش کے باعث امدادی کارروائیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں تاہم ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری متاثرہ علاقوں تک پہنچا دی گئی ہے ۔