ٹیلی گراف کی ملانیا سے معافی
Reading Time: < 1 minuteبرطانوی کے بڑے اخبار ٹیلی گراف نے اپنے ایک مضمون پر ملانیا ٹرمپ سے غیر مشروط معافی مانگی ہے اور اُن کو حرجانہ ادا کرنے کا اعلان بھی کیا ہے ۔ دی ڈیلی ٹیلی گراف نے تسلیم کیا ہے کہ اُن کے میگزین میں گذشتہ ہفتے شائع ہونے والے کالم ’مسٹری آف ملانیا‘ میں کئے گئے بعض دعوے غلط تھے ۔
ٹیلی گراف نے لکھا تھا کہ امریکی خاتونِ اول کا ماڈلنگ کرئیر اپنے شوہر سے ملنے سے پہلے بڑی مشکل میں تھا اور یہ بھی کہ وہ امریکی انتخابات کی رات کو روئی تھیں ۔ اپنی معافی میں اخبار نے تسلیم کیا کہ اُن کو یہ باتیں نہیں چھاپنی چاہیے تھیں ۔ ٹیلی گراف کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ ملانیا ٹرمپ کی جانب سے اخبار پر کیے گئے مقدمے کے اخراجات بھی ادا کریں گے ۔
۲۵ جنوری کو شائع کی گئی معافی میں ٹیلی گراف نے یہ تسلیم کیا ہے کہ ملانیا ٹرمپ سے ملنے سے پہلے بھی ایک کامیاب پیشہ ور ماڈل تھیں جن کو اپنے بل بوتے پر ٹرمپ کی مدد کے بغیر کام ملا۔
ٹیلی گراف نے معافی نامے میں لکھا ہے کہ ہمارا ملانیا کے والدین اور بہن کے بارے میں بھی بیان غلط تھا اور وہ 2005 میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ملکیت والی عمارتوں میں رہائش کے لیے نیو یارک نہیں آئے تھے۔