سعودی ولی عہد کی سیکورٹی
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے موقع پر سکیورٹی پلان تیار کر کیا گیا ہے ۔
اسلام آباد میں سعودی ولی عہد کے ۱۲۰ شاہی گارڈز پہنچ گئے ہیں جبکہ سیکورٹی انتظامات کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سعودی سفارتخانے کے حکام کا مشترکہ اجلاس بھی ہوا ہے ۔
پولیس حکام کے مطابق سعودی ولی عہد کی آمد سے قبل سکیورٹی ٹیم انتظامات مکمل کر کے اس کی ریہرسیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔
وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس اور رینجرز کے 2 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی پر تعینات کیے جائیں گے جبکہ سیکورٹی اہلکاروں کو بھی خصوصی پاس جاری کیے جائیں گے ۔
حفاظتی اقدامات کرنے والی خصوصی ٹیم کے ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد کی آمد سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے راستوں اور وزیراعظم ہاؤس کو کلیئر کرایا جائے گا ۔
اسلام آباد انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سعودی ولی عہد کی آمد پر میٹرو بس سروس کو راولپنڈی تک محدود کیا جائے گا جبکہ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا ۔
ٹریفک پولیس اور ہائی وے اتھارٹی کے حکام کے مطابق لاہور اور پشاور سے آنے والی ٹریفک کو ایکسپریس وے استعمال نہیں کرنے دی جائے گی ۔ اسی طرح فیض آباد سے راول ڈیم چوک اور کشمیر چوک تک ٹریفک بند رہے گی ۔

