لائن آف کنٹرول پر آبادی کے لیے وارننگ
عابد خورشید
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی حکومت نے لائن آف کنٹرول پر ممکنہ بھارتی جارحیت کے خطرے کی وارننگ جاری کر دی ہے جس کے بعد لاکھوں شہری بے یقینی کا شکار ہو گئے ہیں ۔
بھارت کی جانب سے جارحیت کے خطرے کے پیش نظر لائن آف کنٹرول سے ملحقہ رہائشی علاقوں کے شہریوں کو ہدایات جاری کردی گئی ۔
آزاد کشمیر حکومت نے 6 اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دی ہیں کہ ان علاقوں کے شہری صرف محفوظ مقامات سے گزرنے والے راستے اختیار کریں، کسی بھی جگہ ہجوم بننے اور غیر محفوظ راستے سے اجتناب کیا جائے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ایل او سی کی قریبی آبادیوں میں بنکرز تعمیر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہریوں کو کہا گیا ہے کہ رات کو غیر ضروری روشنی سے گریز کیا جائے جبکہ کسی بھی جارحیت سے بچنے کے لیے ایل او سی کے قریب چراگاہوں میں مویشیوں کو لے جانے سے گریز کیا جائے۔
لائن آف کنٹرول سے ملحقہ مقامی آبادی کا موقف ہے کہ گزشتہ دو سالوں سے ان کی زندگی اجیرن ہو چکی،سال 2017 اور 2018 میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے بچے اور گھریلو خواتین بھی نشانہ بنے۔ دونوں ممالک کے درمیان تازہ کشیدگی مقامی افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گی۔
ادھر شکر گڑھ ورکنگ باؤنڈری پر فائٹر جیٹ نے ساؤنڈ بیریئر کراس کیا ہے جس سے دھماکے کی آواز سنی گئی ۔ مقامی لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے تھے ۔


