ایران کی پاکستان کو دھمکی
Reading Time: < 1 minuteایران کی فوج کے ایک کمانڈر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرحد کے ساتھ موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے بصورت دیگر ہم اپنے دفاع میں فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔
ایرانی فوج پاسداران انقلاب کے القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو تباہ کرنا چاہتا ہے: ۔
جنرل قاسم سلیمانی نے ایران کے شہر بابل میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ ’ہمیں پاکستان کی تعزیتوں کی ضرورت نہیں، یہ ایران میں لوگوں کی کیا مدد کرسکتی ہیں؟؛
جنرل قاسم سلیمانی نے سعودی عرب پر الزام عائد کیا کہ وہ پاکستان اور اس کے ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق انھوں نے کہا کہ ’’ہم پاکستان سے دوستانہ لہجے میں بات کررہے ہیں اور ہم اس ملک سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی سرحدوں کو ہمسایہ ممالک کی سلامتی کو ختم کرنے کا ذریعے نہ بننے دے۔؛
ایرانی جنرل نے کہا کہ ہم اپنے دشمنوں سے انتقام لیں گے خواہ وہ دنیا کے کسی کونے میں بھی ہوں ۔
جنرل قاسم سلیمانی نے کہا کہ پاکستانی حکومت سعودیہ سے ملنے والی رقم کو انتہاپسندوں سے نمٹنے میں استعمال کرے اور ایران میں ہوئے بم دھماکے پر تعزیتی پیغام بھیجنے کے بجائے اپنی سرحدوں کے اندر موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا تھا کہ اگر دہشت گردوں کی موجودگی کے مسئلے سے نہیں نمٹا جاتا تو ایران ضرورت پڑنے پر پاکستان کی سرحدوں کے اندر ان کے خلاف کارروائی کرے گا۔