افغانستان، حملے میں 16 ہلاک
Reading Time: < 1 minuteافغانستان میں تعمیراتی کمپنی پہ حملے میں 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔
حکام کے مطابق صوبہ ننگرہار میں ایک تعمیراتی کمپنی کے دفتر پر دو خود کش حملہ آوروں اور تین مسلح دہشت گردوں نے حملہ کر کے 16 افراد کو ہلاک کیا جبکہ جوابی کارروائی میں سیکورٹی فورسز نے پانچوں حملہ آور بھی ہلاک کر دیے ۔
خبر رسں ادارے روئٹر کے مطابق ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے بتایا کہ حملہ جلال آباد کے ہوائی اڈے کے قریب واقع نجی تعمیراتی کمپنی کے دفتر پر کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر حملہ دو خود کش حملہ آوروں نے کمپنی کے دروازے پر دھماکے سے کیا جس کے بعد تین مسلح افراد نے دفتر کے اندر گھس کر فائرنگ کی۔
ترجمان خوگیانی نے بتایا کہ حملے میں 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں کمپنی کے محافظ اور ملازمین شامل ہیں۔
حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد مارے گئے ۔
حکام کے مطابق حملے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ کمپنی کے چار زخمی ملازمین کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ جلال آباد صوبہ ننگر ہار کا دارالحکومت ہے جس کی سرحد پاکستان سے ملتی ہے۔
خیال رہے کہ ننگرہار طالبان کا ایک مضبوط گڑھ رہا ہے لیکن گزشتہ کچھ برسوں سے صوبے میں شدت پسند تنظیم داعش بھی سرگرم ہے ۔