’قیامت واپس آئے گی‘
پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز پر اپنے سیاسی تجزیوں کے لیے مشہور متنازع اینکر شاہد مسعود کو ملک واپس لانے کے لیے ٹوئٹر پر صارفین کے ایک گروہ نے ’وزیراعظم عمران خان، شاہد مسعود کو واپس لاؤ؛ کی مہم شروع کی ہے ۔
پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈز میں کل رات سے ہیش ٹیگ آئی کے – برنگ بیک شاہد مسعود- چلایا جارہا ہے، اس ہیش ٹیگ میں ٹوئٹر صارفین عمران خان سے اپیل کررہے ہیں کہ اینکر شاہد مسعود کو واپس لانے کے لیے اقدامات کریں۔
بعض سوشل میڈیا صارفین بہت جذباتی انداز میں ڈاکٹر شاہد مسعود کو وطن واپس لانے کا مطالبہ کرتے نظر آئے۔
ٹوئٹر صارف ارسلان غفور نے شاہد مسعود کی عمران خان کی ساتھ ایک تصویر لگاتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی میڈیا شاہد مسعود کے بغیر کچھ بھی نہیں۔
ایک صارف ایم کامی نے ازراہ مذاق لکھا کہ ’’شاہد مسعود کا واپس لایا جائے، پلیز ایسے تو قیامت بغیر بتائے آجانی ہے، سیاپہ‘‘ ۔فیصل اعوان نامی صارف نے کہا کہ اگر ڈاکٹر شاہد مسعود کو واپس نہ لایا گیا تو وہ اور ان کے اہل خانہ عمران خان کو ووٹ نہیں دیں گے۔ جبکہ ایک ٹوئٹر آئی ڈی صدام خان نے دعویٰ کیا کہ یہ مطالبہ سوشل میڈیا پر عمران خان کی ٹیم کی جانب سے لانچ کیا گیا ہے۔
اسی طرح سوشل میڈیا پر حقیقت ٹی وی کے نام سے بنے ایک آئی ڈی کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی گئی کہ تمام لوگ ڈاکٹر شاہد کے لیے آواز اٹھائیں، کہ عمران خان ان کو واپس لائیں اور ’بدمعاشیہ؛ سے ان کی جان چھڑائیں۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی اس مہم سے پہلے بعض رپورٹرز کی جانب سے ایسی وڈیو ریکارڈنگ سامنے آئی تھیں جن میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود وطن چھوڑ کر کیوں چلے گئے، جن سے یہ تاثر ابھرا کہ شاید ڈاکٹر شاہد مسعود اپنے خلاف چلنے والے کیس سے دلبرداشتہ ہیں۔
ادھر ڈاکٹر شاہد مسعود کی پروگرام ٹیم نے ایسی کسی بھی خبر کی تردید کی تھی، جبکہ ان کے قریبی ساتھیوں نے ملک سے باہر جانے کا مقصد علاج ظاہر کیا تھا۔
نیوز ون ٹی وی پر اپنے پروگرام میں شاہد مسعود نے کہا تھا کہ وہ کچھ دنوں کے لیے چھٹیوں پر جا رہے ہیں جبکہ ادارے کی انتظامیہ کو ان کی جانب سے سات دن چھٹیوں کی درخواست موصول ہوئی ہے ۔
سوشل میڈیا کے ٹرینڈز پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سب بعض مخصوص آئی ڈیز سے ہی کیا جا رہا ہے اور باقاعدہ ایجنڈے کے ساتھ دکھائی دیتا ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ اینڈ آف ٹائم ابھی نہیں ہے اور ’قیامت واپس آئے گی’۔

