’نئے خٹک وزیر پر موروثی سیاست کی پھبتی‘
عظمت گل/ نمائندہ خصوصی پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی لیاقت خٹک نے وزیر کے عہدہ کا حلف اٹھایا ہے جس پر سامنے آنے والے ردعمل میں پارٹی پر موروثی سیاست کے خاتمے کی بجائے فروغ دینے کی پھبتیاں کسی جا رہی ہیں ۔
نئے صوبائی وزیر لیاقت خٹک وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی ہیں ۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے تنقیدی ردعمل میں کہا ہے کہ تحریک انصاف تبدیلی لے آئی ہے جہاں ایک ہی خاندان کو نوازا جا رہا ہے ۔
صحافی محمود جان بابر نے ٹویٹ کیا ہے کہ اس موروثی سیاست کا کیسے دفاع کیا جا سکتا ہے۔ کچھ زیادہ نہیں ہو گیا؟۔
انہوں نے خٹک خاندان کے نام اور عہدے بھی لکھے ۔
”پرویز خٹک (وزیر دفاع) ۔ لیاقت خٹک، صوبائی وزیر (بھائی) ۔ نفیسہ خٹک، رکن قومی اسمبلی(بھابی)، اسحاق خٹک، ڈسٹرکٹ کونسلر (بیٹا) ۔ عمران خٹک، رکن قومی اسمبلی(داماد)۔ ابراہیم خٹک، رکن صوبائی اسمبلی( بیٹا) اور احد خٹک، تحصیل ناظم (بھتیجا) ۔‘‘
چودھری اسلم جاوید نامی ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور۔‘
تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے زاہد ارمان نامی ٹوئٹر صارف نے کہا ہے کہ ’ہم اس چیز پر خٹک کی بالکل بھی حمایت نہیں کر رہے اور ہم مورثی سیاست کے بالکل خلاف ہیں لیکن ایک بات یاد رکھنا پڑے گی کہ پختونخوا میں پی ٹی آئی کی دو تہائی اکثریت میں خٹک کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔‘
پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے لیاقت خٹک سے صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف لیا تو تقریب میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری، وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی شریک ہوئے ۔
پشاور کے گورنر ہاؤس میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری محمد سلیم اور اراکین صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے ۔

