حادثے میں 14 زندہ جل گئے
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مسافر وین تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر ٹول پلازہ سے ٹکرا گئی ۔
حادثے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس سے گاڑی میں سوار 14 مسافر ہلاک ہو گئے ۔
نیشنل ہائی ویز پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسافر وین پنجاب کے شہر سرگودھا سے اسلام آباد آ رہی تھی جب ڈرائیور کی غفلت کے باعث یہ حادثہ پیش آیا ۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق 9 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوئے جبکہ دیگر پمز ہسپتال پہنچانے کے بعد زخموں کی تاب نہ ہوتے ہوئے چل بسے ۔
ہسپتال سے جاری بیان کے مطابق ٹول پلازہ پر ویگن حادثہ کے 12 مسافر کی ڈیڈ باڈی پمز ہسپتال لائی گئیں جبکہ حآدثے کا شکار ہونے والے 6 مسافر کو پمز کے برن سنڑ لایا گیا ۔
برن سنڑ میں لانے والے مسافروں کا 90 فی صد جسم جل چکا ہے۔ مرنے والے مسافروں میں دو خواتین دو بچیاں اور اٹھ مرد شامل ہیں ۔
بیان کے مطابق شدید جلے ہوئے مسافروں میں ایک خاتون ایک بچہ اور چار مرد شامل ہیں ۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹول پلازہ حادثہ میں جاں بحق 10 افراد کی میتیں شناخت کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ خوفناک حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت کا مرحلہ جلد مکمل کر لیں گے۔
ان کے مطابق پمز اسپتال کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ کے اعلی افسران جانفشانی سے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حادثے میں جاں بحق افراد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
دریں اثنا پنجاب کے شہر گوجرہ میں مسلم لیگ ن کے سابق وفاقی وزیر تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان کی فیملی کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں ان کی اہلیہ جاں بحق اور ایک بیٹا ہلکا جبکہ دو بچے اور ڈرائیور زحمی ہوگئے ہیں ۔

