سرحدی باڑ لگانے والے تین فوجی ہلاک
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحد پر باڑ لگانے والے فوجیوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جس کی زد میں آ کر تین اہلکار مارے گئے ہیں ۔
’افغانستان سے آنے والے شدت پسندوں نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف فوجی جوانوں پر حملہ کیا جس میں تین فوجی ہلاک جبکہ سات زخمی ہوئے ہیں۔‘
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق بدھ کو شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے 60 سے 70 شدت پسندوں نے فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا اور جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں لانس نائیک علی، لانس نایئک نذیر اور سپاہی عماد اللہ شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی آمدورفت کو روکنے کے لیے باڑ لگانے کا کام کسی بھی رکاوٹ کے بغیر جاری رہے گا۔‘

