قومی اسمبلی میں آصف زرداری کا مکا
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے زیر حراست رہنما آصف زرداری اور خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران آصف علی زرداری کی ایوان میں آمد کے موقع پر پیپلزپارٹی کے ارکان کی جانب سے جئے بھٹو کے نعروں سے استقبال کیا گیا جس کا آصف زرداری نے مکا دکھا کر جواب دیا۔
قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے گذشتہ رات ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں۔
آصف زرداری اور سعد رفیق کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے کرپشن کیسز کا سامنا ہے اور نیب کے مطابق ان سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہونے والے قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے آغاز میں پیپلز پارٹی نے آصف علی زرداری، خواجہ سعد رفیق اور قبائلی اضلاع کے ارکان محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لیے قواعد کے مطابق درخواست دی تھی۔
پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے لیے جاری کیے گئے ہیں جو 29 جون تک جاری رہے گا۔
دونوں زیر حراست ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر اسمبلی میں کارروائی اور طریقہ کار کے قاعدہ نمبر 108کے تحت جاری کیےگئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بجٹ اجلاس میں تین دن ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ آصف علی زرداری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد نیب نے 10 جون کو گرفتار کیا تھا۔
آصف زرداری کی بہن اور سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور کو بھی اسی مقدمے میں 14 جون کو گرفتار کو حراست میں لے کر ان کے گھر کو سب جیل قرار دیا گیا تھا۔
خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو بھی نیب نے دسمبر 2018 میں پیراگون کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ نے منگل کو دونوں بھائیوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں تھیں۔