دبئی کی مفرور شہزادی لندن کی عدالت میں
Reading Time: < 1 minuteمتحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی اہلیہ شہزادی حیا نے لندن کی ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔
عدالت میں موجود سکائی نیوز سے منسلک صحافی سانیا برجیس کے مطابق انہوں نے سماعت سے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ شہزادی حیا اپنی ایک بیٹی کی ممکنہ جبری شادی روکنے کے لیے کوشاں ہیں۔
مبصرین کے مطابق کئی ماہ تک غائب رہنے کے بعد منظر عام پر آنے والی شہزادی حیا کی جانب سے لندن ہائیکورٹ میں مقدمہ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تناؤ کا سبب بن سکتا ہے۔
شہزادی کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر لندن کی ہائیکورٹ کے باہر انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے جبری شادیوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے دبئی میں اگلے سال ہونے والے ایکسپو کے بائیکاٹ کرنے والے نعروں کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔
شہزادی حیا اردن کے شاہی خاندان میں پیدا ہوئی تھیں۔ اس وقت ان کی عمر 45 برس ہے اور ان کو قدامت پسند عرب بادشاہتوں میں جدیدیت کا استعارہ سمجھا جاتا ہے۔