’امن کی خواہش، کشمیر کا حل چاہتے ہیں‘
Reading Time: 2 minutesپاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کیے ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کثیر الجہتی کاوشیں کی ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو عیدالاضحٰی کے موقع پر لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور باغ سیکٹر میں جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ انڈیا کشمیر کے تنازعے سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے وہ کچھ بھی کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انڈیا کی ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے کہا کہ انڈیا کو کشمیر میں کیے گئے جرائم پر پردہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ امن کی خواہش کے ساتھ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان کی فج کے سربراہ نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
’جتنا وقت جتنی کاوشیں درکار ہوں گی کریں گے اور ان شا اللہ ہر چیلنج پر پورا اتریں گے۔ ہمارا مذہب ہمیں امن کا درس دیتا ہے اور سچ کے لیے استقامت اور قربانی بھی سکھاتا ہے۔‘
جنرل باجوہ نے کہا کہ پاک فوج عید جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منا رہی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی حکومت نے چودہ اگست کو یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں عید کی نماز ادا کی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے بھی پاکستانی کشمیر کا دورہ کیا۔