کوریا نے نئے میزائل داغ دیے
Reading Time: 2 minutesشمالی کوریا نے کہا ہے کہ اس نے نئے تیار کردہ ہتھیاروں ’سپر لارج راکٹ لانچر‘کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ہتھیاروں کا تجربہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کی نگرانی میں کیا گیا ہے۔
اس سے قبل جنوبی کوریا کی فوج نے کہا تھا کہ شمالی کوریا نے سنیچر کو کم فاصلے تک مار کرنے والے دو بلیسٹک میزائلوں داغے ہیں تاہم شمالی کوریا نے اسے صرف میزائل تجربہ قرار دیتے ہوئے شمالی کوریا کے دعوے کی تردید کی۔
خیال رہے کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران شمالی کوریا کی جانب سے یہ ساتواں میزائل تجربہ ہے جبکہ امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تخفیف کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کے لیے تین ملاقاتیں اسی سال ہوئی ہیں۔
قبل ازیں شمالی کوریا نے گذشتہ ہفتے ختم ہونے والی جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے خلاف قرار دیا تھا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق نئے تجربے کے متعلق شمالی کوریا کے رہنما کم جون ان کا کہنا ہے کہ ’ یہ ایک بڑا ہتھیار ہے، جو اپنے ہدف تک پہنچا۔‘
شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد سنیچر کو جنوبی کوریا نے اپنی قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا۔
جنوبی کوریا کی حکومت کے بیان کے مطابق ان کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے ارکان کا اس بات پر اتفاق تھا امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی میز پر شمالی کوریا کو واپس لانے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ سفارتی کوششیں جاری رکھنی چاہیے تاکہ کورین خطے سے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے مقصد کو حاصل کیا جاسکے۔
کوریا کی کونسل نے یہ بھی کہا کہ اب امریکہ کے شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات جلد بحال ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔
یاد رہے کہ جون کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے شمالی اور جنوبی کوریا کی سرحد پر ملاقات کی تھی بات چیت کا جاری رکھنے اور ایک ساتھ کام کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
دونوں ممالک کے سربراہان میں مذاکرات کا پہلا دور گذشتہ برس سنگاپور میں ہوا تھا۔ رواں سال فروری میں ہنوئی میں ہونے والا دوسرا دور ہتھیاروں کے معاملے پر آ کر بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔