دھتی رائے ’پاکستانی ایجنٹ‘ ہے
Reading Time: 2 minutesانڈیا سے تعلق رکھنے والی معروف مصنفہ ارون دھتی رائے کو کشمیر اور دیگر علاقوں میں اقلیتوں کے خلاف فوجی کارروائی پر تنقید کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر انڈین صارفین نے پاکستانی فوج اور آئی ایس آئی کی ایجنٹ قرار دیا ہے۔
ارون دھتی رائے کے خلاف تین دن سے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلایا جا رہا ہے جس میں ان کی انڈین شہریت ختم کر کے پاسپورٹ منسوخ کرنے اور غداری کا مقدمہ چلانے کی سفارش کی گئی ہے۔
ٹوئٹر پر انڈین صارف شما محمد نے ارون دھتی رائے کی ڈیڑھ منٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ پہلے رائے کی عزت کرتی تھیں مگر اب نہیں کریں گی۔ ’نہ صرف یہ کہ ارون دھتی نے انڈیا کی توہین کی بلکہ پاکستان کی فوج کی تعریف بھی کی ہے۔‘
ویڈیو میں ارون دھتی رائے نے انڈیا کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کا اپنے شہریوں کے ساتھ سلوک وہی ہے جو نوآبادیاتی دور کے حکمرانوں کا تھا۔
رائے نے کہا کہ ’انڈیا میں فوج اپنے شہریوں کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے اور وہ بھی اقلیتوں کے خلاف، جیسے کہ کشمیر میں مسلمانوں، پنجاب میں سکھوں اوگوا، تنگانا میں قبائل کے خلاف فوج کشی کی گئی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کو ہندو ریاست بنا دیا گیا ہے۔
دی پرنٹ انڈیا کی ایڈیٹر راما لکشمی نے ارون دھتی رائے کے ناقدین کو مخاطب کر کے لکھا گیا ہے کہ ’ایک دہائی قبل کی ویڈیو شیئر کرکے تنقید کرنے والے ان کی کتاب بھی پڑھ لیں جس میں انہوں نے پاکستان کی فوج پر تنقید کی ہے۔‘
میرا سنگھ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا ہے کہ ارون دھتی رائے، پاکستان کی فوج اور آئی ایس آئی کی تعریف کر رہی ہیں اور ان ہی کا لکھا ہوا سکرپٹ پڑھ رہی ہیں۔
سنگیتا نے ٹویٹ کیا کہ ارون دھتی رائے کی کہی باتوں سے نفرت کی جا سکتی ہے اور اس کے خلاف مہم چلا سکتے ہیں مگر وہ جو کہہ رہی ہیں وہی حقیقت ہے۔ سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا۔
اس بحث میں پاکستانی صارفین نے بھی حصہ لیا ہے اور ارون دھتی کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
پاکستانی خاتون عائشہ اعجاز خان نے ٹویٹ کیا ہے کہ وہ ارون دھتی رائے کی بہت زیادہ عزت کرتی ہیں اور اس کی وجہ ان کا انڈین ریاست پر تنقید اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بے لاگ بولنا ہے۔
عائشہ اعجاز خان نے لکھا ہے کہ وہ کوئی دہرا معیار نہیں رکھتیں اور پاکستان کی ریاست کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بولنے والوں کی بھی عزت کرتی ہیں۔
مصنفہ اور بلاگر فلورنس شاہ نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ وہ ہمیشہ سے کہتی رہی ہیں کہ ارون دھتی رائے بہت کمال فکشن لکھتی ہیں۔ اس میں سے جو جس کو پسند ہو وہ پڑھ لے۔