پاکستان24

ادویات کے بڑے کاروباری قانون سے بالاتر؟

نومبر 25, 2019

ادویات کے بڑے کاروباری قانون سے بالاتر؟

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ادویات کے ایک بڑے گودام پر چھاپے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کے ردعمل آنے کا سلسلہ ابھی جاری ہے تاہم اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے ایک وضاحتی بیان بھی جاری کر دیا ہے۔

ویڈیو میں محکمہ کسٹم کے اہلکار ادویات کے گودام کو شاہین فارما کی ملکیت قرار دے رہے ہیں جہاں امریکی سپلیمنٹ کی خالی بوتلیں اور پلاسٹک پیکنگ میں وٹامن کی گولیاں دکھائی گئی ہیں۔

شاہین کیمسٹ نے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنے کاروبار کے خلاف پروپیگنڈا کرنے اور بدنام کرنے والوں کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔

ادھر سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل سامنے آنے کے بعد اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ جعلی ادویات فروخت نہیں ہو رہیں اور کسٹم حکام نے بیرون ملک سے منگوائے سامان کی جانچ پڑتال کے لیے گودام پر چھاپہ مارا جبکہ ادویات کے معیار کو دیکھنے کے لیے ڈریپ اتھارٹی اپنا کام کر رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ادویات کے بڑے سٹورز قانون کی خلاف ورزی پر بند کیے گئے تاہم وہاں سے جعلی ادویات نہیں ملیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ادویات کے سٹور کے پاس امپورٹ کی دستاویزات اور فروخت کی رسیدیں نہ ہونے پر کارروائی کی گئی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے