لاہور دھماکے میں حافظ سعید کا بیٹا محفوظ، ایک ہلاک، پانچ زخمی
پاکستان کے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مذہبی جماعت کے اجتماع میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مذہبی جماعت کی تقریب میں حافظ سعید کے بیٹے حافظ طلحہ سعید بطور مہمان خصوصی مدعو تھے، تاہم وہ محفوظ رہے۔
پولیس اور ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ دھماکہ اجتماع کے مین سٹیج کے قریب ہوا۔ دھماکے میں زخمی افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی شروع کردی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاع کے مطابق دھماکہ ائیر کنڈیشنز کی دکان پر سیلنڈر پھٹنے سے ہوا تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

