پارسلز کے ذریعے ہیروئن کی لندن سمگلنگ ناکام
پاکستان کے اسلام آباد ایئر پورٹ پر کسٹم کے کارگو عملے نے پارسلز کے ذریعے ایک من سے زائد ہیروئین لندن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو کارگو کلیئرنگ ایجنٹس کو گرفتار کیا ہے۔
راولپنڈی سے صحافی یاسر حکیم کے مطابق ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ ہیروئین پارسلز میں چھپا کر لندن بجھوائی جا رہی تھی، پارسلز سعودی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے لندن کے لیے بک کروائے گئے تھے، کارگو عملے نے پارسلز کی سکیننگ کے دوران مشکوک ہونے پر تلاشی کی جس میں ایک من سے زائد ہیروئین برامد ہوئی۔
کسٹم عملے نے کارگو کلیئرنگ ایجنٹس کو گرفتار کرلیا ہے جنھیں اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ پارسل بک کروانے والے شخص کی گرفتاری کے لیئے بھی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

