پاکستان24

بلوچستان: تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

دسمبر 24, 2019 2 min

بلوچستان: تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

Reading Time: 2 minutes

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے بلوچستان کے ضلع قلات میں گیس و تیل کا نیا ذخیرہ دریافت کیے جانے کا مژدہ سنایا ہے۔

پیر کو پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق یہ دریافت کمپنی کے قلات میں موجود کنویں مارگنڈ ایکس ون کو کھودنے کے دوران ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کنویں کی کھدائی کا کام رواں برس 30 جون کو شروع کیا گیا اور 45 سو میٹر تک گہرائی میں سیال مادہ دریافت کیا گیا۔


بیان مزید کہا کیا ہے کہ کنویں سے حاصل ہونے والے سیال مادے پر تحقیق کی جا رہی ہے کہ اس میں کون سے اجزا شامل ہیں۔

بیان کے مطابق یہ قلات میں ہونے والی پہلی دریافت ہے اور اس سے ہائیڈروکاربن کے ذخائر ملنے کے نئے راستے کھلے ہیں۔

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ مارگنڈ کنویں سے ہونے والی دریافت پاکستان پیٹرولیم کی اس حکمت عملی کا نتیجہ ہے جس کے ذریعے بلوچستان میں ہائیڈروکاربن کے ذخائر دریافت کیے جا رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دریافت سے پاکستان پیٹرولیم کے ہائیڈروکاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا جس سے ملک میں گیس اور تیل کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

رواں سال 20 ستمبر کو سندھ کے ضلع بدین کی تحصیل گولارچی کے علاقے کھورواہ کے مقام پر خام تیل اور گیس کے دوبڑے ذخائر دریافت ہوئے تھے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں بھی دو مقامات سے تیل وگیس کے ذخیرے دریافت ہوئے تھے۔

پاکستان میں گیس کا سب سے بڑا ذخیرہ بلوچستان کے علاقے سوئی سے 50 برس قبل دریافت ہوا تھا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے