مصر کے حسنی مبارک انتقال کر گئے
Reading Time: < 1 minuteمصر کے سابق ڈکٹیٹر حسنی مبارک طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر ۹۱ برس تھی۔ وہ ۳۰ سال سے زائد حکمران رہے اور سنہ ۲۰۱۱ میں عوامی احتجاج کے بعد اقتدار سے بے دخل کیے گئے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے ہسپتال میں انتقال کرنے والے حسنی مبارک کی گزشتہ ہفتے سرجری ہوئی تھی۔
حسنی مبارک نے سنہ 1981 میں صدر انور سادات کے قتل کے بعد مصر کی باگ ڈور سنبھالی اور تین دہائیوں تک ملک کے حکمران رہے۔
حسنی مبارک کے 30 سالہ دور حکمرانی میں مصر میں ہنگامی قوانین نافذ رہے جن کے تحت سکیورٹی ایجنسیوں کو بہت زیادہ اختیارات حاصل تھے۔
سابق صدر پر کئی قاتلانہ حملے بھی ہوئے جن میں سنہ 1995 میں ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں اسلامی شدت پسندوں کی جانب سے کیا جانے والا حملہ بھی شامل تھا۔
مصر کے موجودہ ڈکٹیٹر عبدلفتح السیسی سابق صدر حسنی مبارک کے دور میں خفیہ ادارے کے سربراہ تھے جو بعد ازاں فوج کے سربراہ بنے اور پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قابض ہوگئے۔