وائرس پھیلانے کے الزام پر واشنگٹن میں چینی سفیر طلب
Reading Time: < 1 minuteواشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ نے چینی سفیر کو طلب کر کے کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگانے پر احتجاج کیا اور وضاحت مانگی ہے۔
قبل ازیں چینی وزارت اطلاعات کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے ٹویٹ میں امریکی فوج پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی سفیر برائے ایشیا ڈیوڈ سٹل ویل نے واشنگٹن میں موجود چینی سفیر سووئی ٹی انکائے کو طلب کیا اور ان سے چینی ترجمان کے بیان پر احتجاج کرتے ہوئے وضاحت مانگی ہے۔
لیجیان ژاؤ نے امریکی فوج پر ہوبائی صوبے اور ووہان میں کورونا وائرس لانے کا الزام عائد کیا اور امریکہ سے جواب طلب کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بیان میں چینی حکومت کو عالمی وبا پھیلانے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کا مقصد چینی حکومت پر تنقید سے توجہ ہٹانا ہے۔
سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے چین کی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ امریکہ اس قسم کے بیانات برداشت نہیں کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کا سازشی نظریات پھیلا رہا ہے جو خطرناک اور مضحکہ خیز ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی ہے اور دو ہزار سے افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
دنیا بھر میں اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار تین سو ہوگئی ہے اور 124 ملکوں میں ڈیڑھ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔