سندھ میں تین روزہ لاک ڈاؤن کی اپیل
پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تین دن تک اپنے گھروں میں رہیں اور انتہائی ضرورت یا مجبوری کے تحت ہی باہر نکلیں۔
جمعے کو کراچی میں کورونا وائرس کے حوالے سے قائم ٹاسک فورس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام تین دن تک مکمل آئسولیشن میں چلے جائیں، یہ عوام اور سب کی صحت اور حفاظت کے لیے ضروری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اگلے تین دن عام تعطیلات ہیں۔ پیر کو یوم پاکستان کی چھٹی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت بہترین عمل یہی ہے کہ اپنے گھروں میں رہیں اور وائرس کو پھیلنے سے روکیں۔
پاکستان میں سندھ کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے والا پہلا صوبہ ہے جہاں سب سے زیادہ 250 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کراچی میں جمعے کو ایک ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا کے اس وقت 450 تصدیق شدہ کیسز ہیں جبکہ تین ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ دو افراد خیبر پختونخوا کے شہروں مردان اور پشار میں ہلاک ہوئے۔ دونوں بیرون ملک سے آئے تھے۔

