پاکستان24

دنیا میں وائرس سے 14 ہزار سے زائد ہلاک

مارچ 23, 2020

دنیا میں وائرس سے 14 ہزار سے زائد ہلاک

دنیا کے 190 ملکوں کے ساڑھے تین لاکھ شہری کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اب تک ساڑھے چودہ ہزار افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔

اٹلی چار ہزار 800 ہلاکتوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ چین میں تین ہزار دو سو 70 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

ایران اور سپین میں بھی ہزاروں ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق چین میں پیر کے روز کورونا وائرس کا کوئی نیا مقامی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم بیرون ملک سے آنے والے 39 افراد میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا ہے کہ کورونا پھوٹنے کے مرکز ووہان شہر میں مزید نو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ چین کی حکومت نے اس وبا سے نمٹنے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے اور ہوبائی صوبے کے پانچ کروڑ 60 لاکھ افراد کو لاک ڈاؤن کیا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں کورونا وائرس کی ابتدا میں چین کی جانب سے معلومات کی فراہمی میں عدم تعاون پر مایوسی ہوئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اتوار کو کہا کہ وہ چین کے رویے کی وجہ سے تھوڑا پریشان ہیں۔ ”میں آپ سے ایمانداری سے کہتا ہوں کہ میں صدر شی کو پسند کرتا ہوں اور چین کا احترام اور اسے سراہتا ہوں۔“

خیال رہے کہ دو ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد ہوبائی میں حیرت انگیز طور پر نئے کیسز کم ہو گئے ہیں اور پیر کے روز بھی صوبے میں وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے