وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں ڈیڑھ کروڑ جمع
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ‘پرائم منسٹر کورونا ریلیف فنڈ’ قائم کیا ہے جس میں رات گئے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ایک کروڑ جبکہ کرکٹر اظہر علی نے دس لاکھ جمع کرنے کا اعلان کیا۔
پیر کی شب قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے نوجوانوں پر مشتمل ‘ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا ہے لیکن امریکہ کے مقابلے میں یہ پیکج بہت چھوٹا ہے کیونکہ ملک میں وسائل نہیں ہیں۔
‘ہم نے آٹھ ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے جبکہ امریکہ کا ریلیف پیکج دو ہزار ارب ڈالر ہے، ہم وسائل میں مقابلہ نہیں کر سکتے۔لیکن سب سے بڑی چیز ہمارے پاس ایمان ہے، کیونکہ ایمان کی وجہ سے پاکستانی سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں، دوسری ہماری طاقت نوجوان آبادی ہے۔ کورونا کے خلاف ان دو طاقتوں کا استعمال کرنا۔’
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی 25 فیصد آبادی غریب ہے جو دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتی، غریبوں کا خیال نہیں رکھیں گے تو لاک ڈاؤن کامیاب نہیں ہوسکتا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وسائل کی کمی کی وجہ سے ‘پرائم منسٹر کورونا ریلیف فنڈ’ قائم کر دیا گیا ہے۔ ‘اس اکاؤنٹ میں جو بھی پیسہ جمع کرائے گا اس سے کچھ پوچھا نہیں جائے۔ جو لوگ اس اکاؤنٹ میں جمع کرایا گیا پیسہ ٹیکس میں ڈیکلیئر کریں گے ان کو ٹیکس ریلیف ملے گا۔’
عمران خان نے بتایا کہ سٹیٹ بنک نے فیصلہ کیا ہے کہ جو کاروبار اپنے ملازموں کو بیروزگار نہیں کریں گے، ان کو آسان قسطوں پر قرضے دیے جائیں گے۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان وسائل کے بل بوتے پر کورونا کی وبا کا مقابلہ نہیں کر سکتا اس لیے ایک ٹائیگر فورس بنائی جائے گی جو فوج اور انتظامیہ کے ساتھ ملک کر کورونا سے لڑے گی۔

