کمیشن کی رپورٹ کے بعد ایکشن ہوگا: وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے وہ چینی اور آٹے کے بحران کی انکوائری رپورٹ پر ابھی کارروائی نہیں کریں گے بلکہ فرانزک آڈٹ کی کمیشن رپورٹ سامنے آئی تو ایکشن لیا جائے گا۔
اتوار کو اپنی ٹویٹس میں انہوں نے لکھا کہ 25 اپریل کو اعلی اختیاراتی کمیشن کی رپورٹ آئے گی جس کے بعد کارروائی کا فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں چینی و آٹے کے بحران پر انکوائری رپورٹ میں وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کا نام آیا ہے۔
پاکستان میں سوشل میڈیا کے صارفین عمران خان اور ان کی حکومت پر سخت تنقید کر رہے ہیں کہ رپورٹ آنے کے بعد بھی کارروائی کرنے کے بجائے ایک اور کمیشن بٹھایا گیا ہے۔
صحافی مطیع اللہ جان نے لکھا ہے کہ اس موقع پر اگر حمود الرحمان کمیشن رپورٹ بھی سامنے لائی جاتی تو کچھ نہیں ہونا تھا۔
صحافی طلعت حسین کے مطابق ”عمران خان کو یہ بھی ثابت کرنا ہے کہ وہ اس تمام مافیا سے مستفید نہیں ہوئے۔“
خیال رہے کہ پاکستان میں چینی اور آٹے کے بحران رواں سال جنوری میں آئے اور چینی 55 روپے کلو سے 75 روپے کلو تک پہنچ گئی جبکہ آٹے کی فی کلو قیمت میں بھی دس روپے اضافہ ہوا۔

