آپ نیوز کی بندش پر ردعمل
بحریہ ٹاؤن کے مالک ریاض ملک نے اپنے ملکیتی اردو زبان کے نیوز چینل ”آپ“ کو بند کر دیا ہے تاہم انگریزی زبان کے چینل انڈس کی نشریات جاری رہیں گی۔

سنیچر کی شام ملک ریاض کی جانب سے آپ نیوز کے کارکنوں کو چینل بند کرنے کی ای میل میں بتایا گیا ہے کہ نشریات جاری رکھنا ناگزیر وجوہات کی بنا پر ممکن نہیں تاہم ادارے سے وابستہ افراد کو بقایا جات ادا کیے جائیں گے۔
ادھر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن ( پی آر اے) نے ملک ریاض کی جانب سے آپ نیوز کی اچانک بندش کے ذریعے سینکڑوں میڈیا کارکنوں کو بیروزگار کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور اس فیصلے کو آمرانہ اقدام قرار دیتے ہوئے پیمرا کے چیئرمین محمد سلیم بیگ سے مطالبہ کیا ہے کہ چینل کی بندش کا فوری نوٹس لیا جائے۔
پی آر اے کے صدر بہزاد سلیمی اور سیکرٹری ایم بی سومرو نے سنیچر کی رات مذمتی بیان جاری کیا۔
آپ نیوز انتظامیہ کی جانب سے کارکنوں کو بھیجی گئی ای میل کا متن: ”چئیرمین ملک ریاض صاحب کی طرف سے تمام کارکنوں کو اطلاع کی جاتی ہے کہ چند ناگزیر قانونی اور تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر آپ نیوز (اردوچینل) کو چلانا ممکن نہیں رہا۔ اس لیے فوری طور پر آج 11 اپریل سے آپ نیوز کی نشریات بند کی جارہی ہیں۔
انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آپ نیوز سے وابستہ تمام کارکنوں کے واجبات ادا کیے جائیں گے۔ جس کے تحت مارچ کی تمام تنخواہیں 14 سے 15 اپریل کو ادا کر دی جائیں گی۔
اپریل سے 11 مئی کے نوٹس پیریڈ کی تنخواہ بھی 21 اور 22 اپریل کوادا کر دی جائے گی۔
اس کے علاوہ ملک ریاض نے کارکنوں کی مشکلات کے پیش نظر 11 مئی کے بعد اگلے تین ماہ کی نصف تنخواہ ہر ماہ کی 5 تاریخ تک ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔جو باقاعدگی سے کارکنوں کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوتی رہے گی۔
چیئرمین اس دوران اپنے ملکیتی لائسنس پر نیا چینل شروع کریں گے ۔ جس میں آپ نیوز سے وابستہ کارکنوں کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔“

