امریکی صدر کا پالیسی اعلان، 33 ہزار ہلاک
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک کی معیشت کو دوبارہ کھول رہے ہیں جبکہ دوسری جانب مختلف ریاستوں میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 33 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے لیے بھی پریشان ہیں جہاں ان کو رواں سال نومبر میں دوبارہ الیکشن لڑنا ہے۔
امریکہ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کروڑوں لوگ بے روزگار ہیں۔
صدر ٹرمپ نے چین کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ اس نے ووہان سے وائرس کے پھیلاؤ کو دنیا کو گمراہ کیا اور درست معلومات فراہم کرنے اور حالات سے آگاہی میں شفافیت نہیں برتی۔ یورپ کے کئی ملکوں کے رہنما بھی اس الزام میں ان کے حامی ہیں۔
امریکی صدر نے معیشت کو کھولنے کے لیے تین مراحل پر مشتمل سفارشات جاری کیں اور کہا کہ ریاستیں وائرس پر قابو پانے کے نتائج دکھانے کے بعد لاک ڈاؤن ختم کر سکیں گی۔
امریکہ میں اس وقت وائرس سے متاثرہ چھ لاکھ 71 ہزار شہری زیرعلاج ہیں جو دنیا میں متاثرین کی ایک چوتھائی تعداد ہے۔

