ہیری اور میگھن نے امریکیوں کی خدمت شروع کر دی
شاہی زندگی سے جان چھڑانے والے برطانوی شہزادے ہیری نے اپنی اہلیہ میگھن مرکل کے ساتھ امریکی شہر لاس اینجلس میں لاک ڈاؤن کے دوران بیمار افراد میں کھانا تقسیم کیا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیری اور میگھن امریکی ریاست کیلی فورنیا منتقل ہونے کے بعد پہلی بار عوامی تقریب میں شامل ہوئے۔
شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے شاہی ذمہ داریوں سے خود کو علیحدہ کرنے کے بعد کینیڈا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بعد ازاں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مستقل سکونت اختیار کر لی۔
لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق ہیری اور میگھن نے ایسٹر کے دوران اینجل فوڈ نامی خیراتی ادارے کی طرف سے بیمار افراد کو کھانے کی تقسیم میں حصہ لیا اور پھر اسی ادارے کے زیراہتمام جمعرات کو 20 بیماروں کو کھانا دیا۔
تنظیم کے انتظامی افسر رچرڈ ایوب کے مطابق بیمار افراد پرنس ہیری اور میگھن کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔
خیراتی تنظیم سے منسلک افراد نے بتایا کہ پرنس ہیری انتہائی انکساری کا مظاہرہ کر رہے تھے اور وہ غیر معمولی طور پر انسان دوست شخصیت ہیں جو لوگوں سے ہمدردی رکھتے ہیں۔
رواں سال کے آغاز پر ہیری اور میگھن نے شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کر کے مالی خود مختیاری کی طرف جانے کا اعلان کیا تھا۔
پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ نے ایک نئی تنظیم کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے جس اعلان وہ جلد کریں گے۔

