ٹیلی نار نے بھی عمران خان کو عطیہ دے دیا
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ سیلولر کمپنی ٹیلی نار کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان وہاب نے وزیراعظم سے ملاقات میں مجموعی طور پر ایک ارب 60 کروڑ روپے کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان خان سے ہونے والی ملاقات میں معاون خصوصی زلفی بخاری اور فیصل جاوید بھی شریک تھے۔
سی ای او ٹیلی نار نے ریلیف فنڈ کےلیے امدادی چیک وزیراعظم کو پیش کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے امدادی پیکج کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مشکل وقت میں بڑی کمپنیوں کی جانب سے عطیات کی فراہمی کو سراہا اور کہا کہ فنڈنگ سے حاصل رقم عوام کو صحت کی سہولیات پر خرچ کریں گے۔
واضح رہے کہ سیلولر کمپنی جاز کے مالک کے علاوہ انگلش بسکٹس مینوفیکچرر کمپنی کی جانب سے بھی 10 کروڑ روپے عطیہ دیا جا چکا ہے تاہم ایدھی فاؤنڈیشن کے فیصل ایدھی کی جانب سے ایک کروڑ روپے دینے پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت تنقید کی تھی۔

