امریکہ میں امیگریشن پر عبوری پابندی کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملک میں امیگریشن کی عبوری پابندی عائد کی جا رہی ہے تاکہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے اور امریکی شہریوں کی ملازمتوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں دنیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے مریض ہیں اور ہلاکتیں بھی دیگر ملکوں کے مقابلے میں دو گنا ہیں۔
کورونا وائرس کے بحران اور حالیہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پہلے ہی دو کروڑ 20 لاکھ امریکی شہری اپنے روزگار سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
ٹوئٹر پر امریکی صدر نے لکھا کہ وہ نظر نہ آنے والے دشمن کے مقابلے میں اپنے عظیم شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے نئے حکم نامے پر دستخط کریں گے جس کے تحت امریکہ کی امیگریشن پر عبوری پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
امریکی ریاستوں میں اب تک 41 ہزار سے زیادہ افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سات لاکھ کے لگ بھگ ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

