ایک لاکھ 70 ہزار ہلاکتیں، 25 لاکھ متاثرین
عالمی وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ ہونے والے افراد 25 لاکھ کے لگ بھگ ہیں جن میں سے سات لاکھ سے زائد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق وائرس نے سب سے زیادہ امریکہ اور یورپ کو متاثر کیا ہے۔
امریکہ میں مرنے والوں کی تعداد 41 ہزار سے زائد ہے جبکہ ساڑھے سات لاکھ متاثرین ہیں۔
یورپ کے پانچ ملکوں میں وبا سے ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اٹلی 24 ہزار سے زائد اموات کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اٹلی میں کورونا کے مریضوں کی روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی اموات میں کمی آئی ہے تاہم متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 81 ہزار سے زائد ہے۔
سپین میں وائرس متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔
فرانس میں 20 ہزار سے زائد جبکہ برطانیہ میں 15 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔
بلیجیم میں ساڑھے پانچ ہزار سے زائد جبکہ جرمنی میں ساڑھے چار ہزار کے لگ بھگ افراد عالمی وبا کی وجہ سے موت کا شکار ہوئے۔
یورپ کے 25 ملکوں میں کاروبار زندگی معطل ہے اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے کروڑوں افراد گھروں میں محصور ہیں۔ معیشت بند ہونے کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں جبکہ ہوابازی کی صنعت مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر ہے۔

