70 سالہ پاکستانی خاتون کورونا سے صحتیاب
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کے انسٹیوٹ آف یورالوجی میں مزید نو افراد نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔ صحت یاب ہونے والوں میں 70 سالہ ضعیف خاتون بھی شامل ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد دو ہزار سے زائد ہے جبکہ اب تک اس وبا سے 192 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
حکام کے مطابق راولپنڈی انسٹیوٹ آف یورالوجی میں کورونا وائرس کے مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں ۔ منگل کو بھی نو مریض کورونا کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہوئے۔
مریضوں میں 70 سالہ بوڑھی خاتون انور بی بی بھی شامل ہیں جو اڈیالہ روڈ راولپنڈی کی رہائشی ہیں۔ راولپنڈی میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 63 ہو چکی ہے جب کہ کورونا وائرس کا شکار افراد کی تعداد 225 ہے ۔
گذشتہ 24 گھٹنوں میں مزید 10 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔

