اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے 18 ڈاکٹرز/طبی عملے میں کورونا
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز اور طبی عملے سمیت 18 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ایم سی ایچ وارڈ کو سیل کر دیا گیا ہے۔ ایم سی ایچ کی ڈاکٹر ثروت کی ویڈیو میڈیا پر چلی تو انتظامیہ بھی حرکت میں آئی اور مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پمز میں اجلاس بھی بلا لیا۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی پمز ہسپتال کی ڈاکٹر ثروت نے بتایا ہے کہ میرے ایک ساتھی کا تین دن پہلے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا جس کے بعد مجھ میں بھی وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں۔
ڈاکٹر ثروت نے بتایا کہ آج صبح میرے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ ایک ڈاکٹر کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر درخواست کی تھی کہ ایم سی ایچ وارڈ سیل کر دیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ انتظامیہ کی نااہلی اور ناقص مینجمنٹ کی وجہ سے ہوا۔ ہمیں مجبوراً ڈیوٹی پر آنا پڑا اور دوسرے لوگ ہماری وجہ سے وائرس کا شکار ہوئے۔
ادھر پمز ہسپتال میں بچوں کے سرجیکل سیکشن میں بھی 10 افراد میں کورونا مثبت آیا ہے۔ متاثرہ افراد میں دو ڈاکٹر، ایک میل نرس، 5 او ٹی سٹاف، ایک وارڈ بوائے اور ایک سینٹری ورکر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق بچوں کے سرجیکل سیکشن میں تاحال حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔
بعد ازاں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پمز میں اجلاس کے دوران صورتحال کا جائزہ لیا اور ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کے لئے انتظامات بہتر کرنے کی ہدایات دیں.

