پاکستان میں 31 ہزار متاثر، 667 ہلاک
پاکستان میں عالمی وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 31 ہزار ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 28 مریض ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 667 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 476 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک اس وبا سے آٹھ ہزار 212 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد میں پنجاب سب سے آگے ہیں جہاں اب تک چار ہزار323 افراد اس مرض سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں اب تک 11 ہزار 568 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں.
سندھ میں 11 ہزار480 جب کہ بلوچستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دو ہزار 17 ہو گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا کے چار ہزار 669 مریض سامنے آئے ہیں جب کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 86 اور گلگت بلتستان میں 442 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 679افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔
کورونا سے اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 245 ہے جب کہ پنجاب میں 197 افراد اس وبا سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا سے 189 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں کورونا 26 افراد کی موت کی وجہ بنا ہے۔

