امریکہ میں تابوت سے وائرس نہیں پھیلتا؟
امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے شخص کی بیوہ تابوت کو ہاتھ لگا کر رو رہی ہیں جبکہ دوست احباب دلاسہ دے رہے ہیں۔ یہ تصویر خبر رساں ادارے روئٹرز نے جاری کی ہے۔
تصویر سے معلوم ہوتا ہے کہ اب ہسپتالوں کی جانب سے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی میتوں کو تابوت میں بند کیے جانے کے بعد رشتہ داروں کو دفن کے وقت دور نہیں رکھا جاتا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مرنے والے ایک نوجوان کی میت کو دفنانے کے لیے لے جانے والے امدادی کارکنوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مکمل حفاظتی لباس پہنے چھ اہلکار تابوت کو رسیوں پر ڈال کر گھسیٹ رہے تھے۔
بالائی پنجاب کے کسی دیہات سے سامنے آنے والی اس ویڈیو میں نوجوان کے ماں کی رونے کی آواز آتی ہے جس میں وہ پوٹھوہاری میں کہہ رہی ہیں کہ اس کے بیٹے کی میت گھیسٹ کے نہ لے جایا جائے۔
دھاڑیں مار کر روتی ماں امدادی کارکنوں سے درخواست کرتی ہے کہ اس کو بیٹے کا چہرہ دکھایا جائے اور اس کے تابوت کو اٹھا کر دفنانے کے لیے لے جایا جائے۔
اس ویڈیو پر ہزاروں افراد نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

