وزیراعظم کے معاونین کی اکثریت دہری شہریت کی حامل: حکومت
پاکستان کے وزیراعظم عمران کی ہدایت پر ان کے معاونین اور مشیروں کے اثاثوں کی تفصیلات عام کی گئی ہیں۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بتایا ہے کہ معاونین اور مشیروں کے اثاثہ جات کی تفصیلات کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر جاری کی گئیں۔
وزیراعظم کے مشیروں اور معاونین کی شہریت کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں جن کے مطابق اکثریت دہری شہریت کی مالک ہے۔
معاون خصوصی سیاسی روابط شہباز گل امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں جبکہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس کے پاس کینیڈا اور سنگاپور کی شہریت ہے۔
کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نیشنل سیکورٹی ڈویژن معید یوسف کی امریکہ میں مستقل رہائش ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر امریکی شہریت کے حامل ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق معاون خصوصی پارلیمانی کوآرڈینشن ندیم افضل چن کی بھی دوہری شہریت ہے۔ ندیم افضل چن کے پاس کینیڈین شہریت ہے۔
معاون خصوصی اورسیز زلفی بخاری بھی دوہری شہریت کے حامل ہیں۔ وہ مستقل برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔

