پاکستان پاکستان24

چلاس: فائرنگ سے سکیورٹی اہلکاروں سمیت سات ہلاک

جولائی 28, 2020

چلاس: فائرنگ سے سکیورٹی اہلکاروں سمیت سات ہلاک

سید نعمان شاہ ۔ صحافی ۔ مانسہرہ

پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے صدر مقام چلاس میں انسداد دہشت گردی کے محکمے (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کے مبینہ اشتہاری ملزم کے گھر میں گھسنے کی کوشش کے دوران فائرنگ سے سات ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کرکے آئی جی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ گلگت سے آئی سی ٹی ڈی کی ٹیم نے مقامی پولیس کو اطلاع دیے بغیررات گئے رونئی محلے میں ایک گھر پر مفرور ملزمان کی موجودگی کے شبے میں چھاپہ مارا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ اہلکار اور دو شہری مارے گئے۔

مارے جانے والوں میں سی ٹی ڈی کے ایس آئی پی سہراب، کانسٹیبل جنید علی، شکیل، اشتیاق احمد اور غلام مرتضیٰ شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق اظہار اللہ اور ان کے ساتھ بشارت اللہ نامی شخص کی بھی ہلاکت ہوئی ہے۔

واقعہ میں پانچ اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں انسپکٹر نبی جان، کانسٹیبل شکر، ہدایت کریم، شان اور محمد علی شامل ہیں۔

ایس ایس پی دیامر شیر خان کے مطابق چھاپے کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو مقامی افراد بھی مارے گئے جن کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو ریسکیو 1122 نے آر ایچ کیو ہسپتال چلاس منتقل کیا۔

چلاس کے رونئی محلے کا وہ گھر جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

نگران وزیراعلی گلگت بلتستان میر افضل خان نے آئی جی گلگت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ پولیس کے مطابق ملزمان اسلحہ کی خریدو فروخت اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے