پاکستان میں چینی 100 روپے کلو کیوں؟
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں حکومت کی جانب سے انضباطی کارروائی اور کمیشن بنائے جانے کے بعد ذمہ داروں کے تعین کی رپورٹ بھی سامنے آ گئی مگر چینی کی قیمت کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ کر 100 روپے کلو ہو گئی ہے۔
پاکستان میں چینی کا سرکاری نرخ 68 روپے کلو ہے جو یوٹیلیٹی سٹورز پر نہایت محدود مقدار میں کہیں کہیں دستیاب ہے جبکہ دارالحکومت اسلام آباد کے سپر سٹورز پر دو کلو چینی کا پیکٹ اب 200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے اس حوالے سے حکومت پر سخت تنقید کی ہے اور پوچھ رہے ہیں کہ چینی کہاں گئی؟ کئی صارفین کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر سرکاری نرخ پر چینی اس لیے دستیاب نہیں کہ وہاں سے خرید کر عام مارکیٹ میں فروخت کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں پاکستان میں چینی 56 روپے کلو تھی جس کے بعد اچانک بحران آیا اور چینی بلیک مارکیٹ میں 70 روپے کلو فروخت ہونے کی شکایات سامنے آئیں۔
وزیراعظم عمران خان نے چینی کے بحران پر نوٹس لیا اور ایک کمیشن تشکیل دیا جس کی انکوائری رپورٹ میں چینی مل مالکان اور سبسڈی دینے والوں کو قصوروار ٹھہرایا گیا۔