چین اور امریکہ کی صحافیوں پر لڑائی
چین اور امریکہ کے درمیان اب ایک دوسرے کے صحافیوں کو ملک سے نکالنے کے لیے لڑائی کا ایک نیا محاذ کھل گیا ہے۔
منگل کو چین نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے چینی صحافیوں کے خلاف ‘مخاصمانہ کارروائی’ کی تو وہ جواب دے گا۔
امریکہ میں چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ سے وابستہ صحافیوں کو ویزوں میں توسیع نہ ملنے پر نکالے جانے کا خدشہ ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے صحافیوں کو پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ جب سے امریکہ نے چینی صحافیوں کے لیے اپنے ملک میں قیام کی مدت 90 دن کی ہے کسی بھی چینی صحافی کے ویزے کی معیاد میں توسیع نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ رواں سال مئی کے دوسرے ہفتے میں امریکہ نے ملک میں قیام پذیر چینی صحافیوں کے لیے ویزے کی مدت 90 دن تک محدود کر دی تھی۔

