جرمنی کے بعد فرانس میں بھی وبا کی دوسری لہر
Reading Time: < 1 minuteجرمنی میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر نے حکام کی وائرس کے خلاف کامیابیوں پر پانی پھیر دیا ہے جبکہ فرانس میں سائنسدانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں عالمی وبا کورونا کی دوسری لہر رواں سال آ سکتی ہے۔
منگل کو فرانس کے اعلیٰ سطح کے سرکاری سائنسدانوں کے ادارے نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال خزاں یا سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر کے آنے کا خطرہ ہے۔
فرانس میں حکام گزشتہ دو ہفتوں سے کورونا کے نئے کیسز کے بڑھنے کو روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
دنیا میں کورونا کی وبا سے اب تک چھ لاکھ 94 ہزار کے لگ بھگ اموات ہو چکی ہیں۔ دنیا کے مختلف خطوں میں عالمی وبا نے ایک کروڑ 83 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے جن میں سے ایک کروڑ سات لاکھ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
قبل ازیں جرمنی میں ڈاکٹروں کی ایک تنظیم کے سربراہ نے کہا تھا کہ ان کے ملک میں احتیاطی تدابیر نہ اپنانے کی وجہ سے وبا کی دوسری لہر آ چکی ہے۔