ساؤتھمپن ٹیسٹ: پاکستانی کپتان کے لیے آخری موقع؟
Reading Time: 2 minutes
باسط سبحانی – سپورٹس ایڈیٹر
10 اپریل 1913 کو ٹائٹینک نے نیویارک کے لیے اپنے سفر کا آغاز برطانوی شہر ساؤتھمپن سے کیا تھا اور یہ شمالی بحر اوقیانوس میں ڈوبا جس کا ملبہ اب بھی سمندر میں تین یا چار ہزار میٹر گہرائی میں موجود ہے۔ 13 اگست 2020 کو شروع ہونے والا ٹیسٹ اظہر علی کے مستقبل کا بھی فیصلہ کرنے جا رہا ہے۔ ویسے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو سوٹ کرتا ہے کہ پاکستان کی شکست کی صورت میں سارا ملبہ اظہر پر ڈال کر سائیڈ پر ہو جائے۔ ٹیم کے آدھا درجن کوچز جو خود لیجنڈ رہے ہیں ان کی طرف کوئی دیکھے بھی نہ!
جسٹس قیوم رپورٹ کے واضح احکامات کے باوجود مشتاق احمد اور وقار یونس پاکستان ٹیم سے مسلسل جڑے ہوئے ہیں۔ جس طرح پاکستان مانچسٹر میں پہلا ٹیسٹ ہارا، ایسے سوالات کو مزید تقویت ملتی ہے۔
پاکستان کے لیے اچھی خبر دنیائے کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈر بین اسٹوکس کا بقیہ سیریز کے لئے شامل نہ ہونا ہے جو خاندانی وجوہات کی بنا پر نیوزی لینڈ کا رخ کرچکا ہے۔
مگر انگلینڈ کے لئے سخت دباو میں مانچسٹر ٹیسٹ میں ووکس اور بٹلر کی 139 رنز کی شاندار پارٹنر شپ ان کو بہت حوصلہ دے گی کہ انگلش ٹیم کسی بھی صورت حال میں کم بیک کر سکتی ہے۔
شان مسعود کا کریز پر زیادہ دیر گزارنا پاکستان کے لیے اہم ہو گا۔
عابد، اظہر، بابر اور اسد سب کو رنز جوڑنے ہوں گے۔ اس میچ میں فواد عالم 10 سال بعد پھر سے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔تمام نگاہیں ان پر ہوں گی۔ شاداب خان کو باہر بیٹھنا پڑے گا۔ جبکہ انگلینڈ کے لئے سٹوکس کی جگہ بیٹسمین کرالے جبکہ آرچر کی جگہ سیم کرن کھیل رہے ہیں۔
38 سالہ جیمز اینڈرسن 600 وکٹوں کے قریب تر ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ اس میچ میں زیادہ آؤٹ کریں ۔ پاکستان کے بلے بازوں کو اینڈرسن، براڈ اور باقی انگلش بولرز سے ہوشیار رہنا ہو گا۔
اظہر علی کی ذاتی پرفارمنس اور کپتانی پر بڑے سوالیہ نشان ہیں اور امید ہے کہ وہ پہلے ٹیسٹ کے آخری دن والی غلطیاں نہیں دھرائیں گے نہیں تو ان کی کپتانی کا ٹائٹینک سے مختلف انجام نہیں ہو گا۔
آپ باسط سبحانی کا کرکٹ شو "گگلی” ان کا یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کر کے دیکھ سکتے ہیں۔
www.youtube.com/basitsubhani