پاکستان پاکستان24

نیا سیاسی اتحاد ”پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ“ تشکیل

ستمبر 20, 2020

نیا سیاسی اتحاد ”پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ“ تشکیل

پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر اعلامیے میں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔

اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کیا۔

اپوزیشن نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے نیا سیاسی اتحاد تشکیل دیتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کو تحقیقات مکمل ہونے تک عہدے سے علیحدہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کیا جائے اور صوبہ بلوچستان سے ایف سی کردار کو کم کیا جائے۔

آل پارٹیز کانفرنس نے ملک گیر احتجاجی تحریک کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ وکلا، تاجر، کسان، مزدور، طالبعلم، سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام کو تحریک کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔

”اکتوبر 2020 کے دوران پہلے مرحلے میں سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں مشترکہ جلسے منعقد اور ریلیاں نکالی جائیں گی، دسمبر 2020 سے دوسرے مرحلے میں بڑے احتجاجی عوامی مظاہرے ہوں گے اور عوام کے ساتھ مل کر بھرپور ملک گیر احتجاج کیا جائے گا، جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ ہو گا۔“

مولانا فضل الرحمن نے کانفرنس کا ایکشن پلان پڑھ کر سنایا جس میں وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا۔

”سلیکٹڈ چلانے حکومت کی تبدیلی کے لیے متحدہ حزب اختلاف پارلیمان کے اندر اور باہر تمام جمہوری، سیاسی اور آئینی آپشنز استعمال کرے گی جن میں عدم اعتماد کی تحاریک اور مناسب وقت پر اسمبلیوں سے اجتماعی استعفوں کا آپشن بھی شامل ہے اس کےلئے ایک حتمی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جو لائحہ عمل طے کرے گی۔“

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے