آرمی چیف سے ملاقات تسلیم کرتا ہوں: شہباز شریف
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے تسلیم کیا ہے کہ ان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے گرشتہ ہفتے ملاقات کی تھی۔
منگل کو لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے ملاقات آل پارٹیز کانفرنس سے پہلے ہوئی تھی جس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز بھی موجود تھے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ‘میں اس میٹنگ مین موجود تھا، گلگت بلتستان کے حوالہ سے میٹنگ میں بات ہوئی۔’
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میٹنگ کی خبر اگر پبلک ہو گئی ہے تو وہ اس سے انکار نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ‘میں اندر رہوں یا باہر اے پی سی کے فیصلوں پر عمل درآمد ہوگا۔’
واضح رہے کہ یہ ملاقات ایف اے ٹی ایف پر قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کے جاری اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔
ملاقات کو عسکری حلقوں اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے خفیہ رکھا گیا تاہم آل پارٹیز کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے کے بعد ‘ذرائع’ نے اے آر نیوز کے ذریعے اس ملاقات کی خبر نشر کرائی اور بتایا کہ عسکری قیادت نے فوج کو سیاست سے دور رکھنے کی تلقین کی ہے۔