پاکستان پاکستان24

آئین کی پاسداری کرنے والے فوجیوں کو سلیوٹ: نواز شریف

اکتوبر 1, 2020

آئین کی پاسداری کرنے والے فوجیوں کو سلیوٹ: نواز شریف

‏پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کا ہر وہ فرد جو آئین اور قانون کی پاسداری کرتا ہے، میں اسے سلیوٹ کرتا ہوں۔

جمعرات کو مسلم لیگ ن کے اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے جرنیلوں اور حکومت پر ایک بار پھر تنقید کی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم کہاں سے کہاں آگئے ؟ 2013 سے 2018 تک لوگ خوشحال تھے۔ شہبازشریف ناکردہ گناہوں کی سزا کیلئے جیل میں ہیں۔ معیشت آسمان کی طرف جارہی تھی، غربت ختم ہورہی تھی۔ پاکستان جی 20 میں شامل ہونے کا منصوبہ بنارہا تھا۔ ساؤتھ ایشیا میں پاکستان ٹائیگر کی حیثیت اختیار کررہا تھا۔

آج مُلک پر نظر ڈالتا ہوں افسوس ہوتا ہے۔6 سال میں بی آر ”ٹی مکمل نہیں ہوسکی آج بسوں میں آگ لگ رہی ہے۔ہمارے 3 منصوبوں سے زیادہ لاگت بی آر ٹی پر لگی۔“

نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈیڑھ یا دو سال میں بجلی کے منصوبے لگائے۔ کیا یہ منصوبے جِن بنارہے تھے، اللہ کے فضل سے یہ منصوبے ہم بنارہے تھے۔ گیس کے منصوبے اپنی مثال آپ تھے۔ ترقی کی شرح 5.8 فیصد تھی، آج مائنس 1.4 تک ہے۔ ہمارے دور میں ڈالر 100 روپے کا تھا۔ 4 سال تک قابو میں رکھا۔ جب ہم حکومت میں آئے تو چینی 50 روپے کلو تھی اور 50 روپے کلو چھوڑ کر گئے تھے۔

”آج سلیکٹڈ نے چینی 100 روپے کلو تک پہنچادی۔آج لوگ بل ادا کریں یا روٹی کھائیں۔لوگ بچوں کو پڑھائیں یا روٹی کھائیں۔ یہ ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں، کیا ریاست مدینہ ایسی ہوتی ہے۔ حال یہ ہے کہ پاکستان میں سکون سے سو نہیں سکتے۔“

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے