نواز شریف کی تقریر نشر کرنے پر پابندی عائد
پاکستان میں ٹی وی چینلز کے ضابطہ اخلاق کو دیکھنے والی الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے نوازشریف کی تقریر نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
نیوز چینلز کو بھیجے گئے نوٹس میں پیمرا نے اظہر صدیق نامی وکیل کی شکایت اور اس کے ساتھ منسلک سپریم کورٹ کے ڈیڑھ برس قبل عبوری فیصلے کا حوالہ دیا ہے۔
جمعرات کو پیمرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پیمرا کو ٹی وی چینلز کے خلاف ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس میں شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ کئی ٹی وی چینلز نے ’ایک مفرور اور اشتہاری شخص‘ کی تقاریر نشر کی ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ ٹی وی چینلز متعلقہ قوانین اور عدالتی احکامات کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
بیان کے مطابق پیمرا کو موصول ہونے والی شکایت کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ عدالتوں کے وضع کیے گئے قانون کے مطابق ٹی وی چینلز قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

