جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے وارنٹ جاری
پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کو گرفتار کرنے کے لیے احتساب کے قومی ادارے نیب نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب کی جانب سے ایک تحریری جواب جمع کرایا گیا ہے جس کے مطابق سابق صدر کے جعلی اکاؤنٹس کیس میں مبینہ آٹھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن کی تحقیقات جاری ہیں اور پوچھ گچھ کے لیے آصف زرداری کو گرفتار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سابق صدر نیب کے دیگر مقدمات میں ضمانت پر ہیں اور ان کے نئے کیس میں وارنٹ گرفتاری پر احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال نے دستخط کیے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر کے وکیل فاروق نائیک پیش ہو رہے ہیں جہاں نیب نے عدالت میں اپنا مؤقف تحریری طور پر جمع کرایا ہے۔

