کراتوس واقعی کراتوس ہے
Reading Time: 3 minutesچوں چوں ستان میں ایک سرکس لگا ہوا ہے، ہڑبونگ ہے اور کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی۔
کسی نے سوال کیا کہ اب کیا ہوگا؟
دیکھتے ہیں کہ تینوں فریقین کی طاقت اور کمزوریاں کیا ہیں۔
فریق نمبر ایک چوں چوں ستان میں طاقت کا دیوتا کراتوس اور اس کا محکمہ ہے۔
جو اس وقت ایک کمزور جگہ پر کھڑا ہے۔
یہ اگرچہ تاریخ کی کمزور ترین جگہ تو نہیں پھر بھی شاید گزشتہ تاریخ کی کمزور ترین جگہ ضرور ہے۔
اس کا سب سے کمزور لمحہ وہ تھا جب کراتوس کو جس کی طاقت کی مدت ختم ہونے کو تھی جھک کر اپنے تئیں بدی کی طاقتوں سے اپنی شکتی کو مزید تین سال بڑھانے کی بھیک مانگنی پڑی۔
طاقت کے دیوتا کراتوس کا سب سے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ وہ جانتا تھا کہ اس کے منفی ہوتے ہی حاصل ضرب صفر ہوجائے گا لیکن یہ بات توہین آمیز اور طاقت کے مستقل منبع کے لیے تکلیف دہ ضرور تھی۔
حیرت انگیز طور پر جہاں کراتوس کے لیے ہتک آمیز تھا وہاں بدی کی قوتوں کے لئے بھی شرمناک تھا کہ انہوں نے اپنی بگڑی سنوارنے کے لئے کراتوس کی مدد کی اور دھوکہ کھاتے ہی واویلا کیا۔
گزرے برسوں میں کراتوس نے بدی کی طاقتوں کو جو لارے لپے لگائے اور جو خفیہ ملاقاتیں کیں وہ بدی کی طاقتوں کو بے عزت کرنے کے کام تو ضرور آ رہی ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ طاقت کے منبع کی رہی سہی ساکھ کو ملیامیٹ کر رہی ہیں۔
کراتوس اور اس کے محکمے کی کمزوری تو سامنے آگئی لیکن ان کی طاقت بھی۔ اور یہ کہ طاقت اندھی گونگی اور بہری ہے۔طاقت کے سب پجاری اسی طاقت سے امید لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ اپنے پرانے طریقوں کو آزمائیں گے اور بدی کی قوتوں میں پھوٹ ڈلوائیں گے، انہیں الگ الگ دھمکائیں گے، کچھ لوگوں کو شاید جان سے بھی جانا پڑے اور یوں شاید ان کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
کراتوس کے اپنے محکمے میں بھی پھوٹ پڑنے کا خدشہ ہے کیونکہ کراتوس نے اپنے جانشین کا اعلان کرکے باقی شہزادوں کو اپنے خلاف کر لیا ہے۔
فریق نمبر 2 اچھائی کی قوت ہے، جو اس وقت اپنی تاریخ کے کمزور ترین لمحے میں موجود ہے، اچھائی کی قوت کی عوامی حمایت کم ہوئی ہے، ان کی کارکردگی کمزور اور عوام سے رابطہ نہ ہونے کے برابر ہے، نظم انتہائی بودا ہے۔
اچھائی کی قوت کا سارا دارومدار کراتوس اور اس کے محکمے پر منحصر ہے ورنہ ان کی جھولی میں ناکامیوں کے سوا کچھ نہیں۔
اچھائی کی قوت کا بس ایک اثاثہ ہے اور وہ ہے اس کے پجاری جو عقیدت سے مخمور ہیں اور اس کی سٹریٹ پاور بھی ہیں جنہیں کبھی بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
فریق نمبر 3 ہے بدی کی قوت۔ بدی کی قوت بھی ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے، یا تو ہمیشہ کے لئے نابود ہوجائے اور کراتوس اور اس کے ادارے کو فیصلہ کن برتری حاصل ہوجائے اور یا پھر کراتوس کو چیلینج کرے۔
کراتوس کو چیلینج کرنا نہایت خطرناک عمل ہے کیونکہ کراتوس نہ صرف طاقت کا منبع ہے بلکہ اس نے ماضی میں بدی کی قوتوں کو جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہوا ہے۔
اب کیا ہوگا یا کیا ہوسکتا ہے؟
کنویں میں گرے ہوئے جوتے کے سوکھا نکلنے کے امکانات کم ہیں اور بدی کی قوتوں کے لئے اب کھونے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے جبکہ اچھائی کی قوت اور کراتوس کے پاس کھونے کے لئے بہت کچھ ہے۔
کراتوس کا سب سے بڑا اثاثہ خوف ہے جو ہر آنے والے دن کے ساتھ کم ہورہا ہے اور اسی طرح اچھائی کی قوت کا واحد اثاثہ اس کی نیک نامی تھی جو ہر آنے والے دن کے ساتھ ان کی بری کارکردگی کے بوجھ تلے دبتی جارہی ہے۔
بدی کی قوتوں کا سب سے بڑا اثاثہ ان کی عوامی حمایت ہے اور وہ قطعی کم نہیں ہو رہی۔
اب میزانیہ خود بنا لیں۔
نوٹ: نہ تو بدی کی قوت دراصل بدی کی قوت ہے اور نہ ہی اچھائی کی قوت دراصل اچھائی کی قوت ہے بس انہیں مارکیٹنگ والوں نے یہ درجہ دیا ہے، البتہ کراتوس واقعی کراتوس ہے۔