بابر اعظم کی شاندار بلے بازی، کراچی کنگز پی ایس ایل فاتح
Reading Time: < 1 minuteسٹار بلے باز بابر اعظم نے ایک بار پھر اپنی کلاس دکھا دی۔ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا ہے۔
فائنل میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا مگر کوئی بڑا سکور تو نہ بنا سکی۔ محمد حفیظ دو اور بین ڈنک 11 رنز بنا سکے۔
کراچی کنگز کو 135 کا ہدف ملا جو آسان ثابت نہ ہوا۔ کنگز کو اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئِے کار لانا پڑا۔
کرکٹ کی دنیا کے حالیہ دور کے بڑے بلے باز بابر اعظم نے اعتماد اور غیر متزلزل انداز میں اپنی ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔
انہوں نے 49 گیندوں پر 63 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ کراچی کنگز کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی قومی ٹیم کے بہترین بلے باز اور کراچی کنگز کے اوپنر بابر اعظم نے اننگز کے پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی کو دو شاندار چوکے لگا کر اپنی کلاس کا مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی ثابت کیا کہ ایک ایسی پچ پر جہاں دوسرے بلے باز سکور نہیں کر پا رہے تھے وہ انتہائی سکون اور اطمیان سے شاٹ کھیل سکتے ہیں۔
اپنے مخصوص انداز میں کوئی خطرہ مول لیے بغیر اور مخالف ٹیم کو کوئی موقع دیئے بغیر وہ اپنے رنز بناتے رہے اور نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کا سٹرائک ریٹ 128 رہا۔