غریب ممالک کو ویکسین تین ماہ بعد ملے گی: عالمی ادارہ صحت
Reading Time: < 1 minuteعالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ غریب ممالک کو کورونا ویکسین آئندہ سال کے شروع میں ملنا شروع ہو جائے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت اور اس کے شراکت داروں کا کہنا ہے کہ تمام ممالک کو کورونا ویکسین اگلے سال 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فراہم کر دی جائے گی۔
عالمی ادارہ صحت اور دیگر شراکت داروں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوویکس پلیٹ فارم کے تحت تمام ممالک کو سال 2021 کے پہلے 6 ماہ کے دوران کورونا ویکسین تک رسائی حاصل ہو جائے گی، جبکہ پہلی ڈیلیوری سال کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔
دنیا بھر کے ممالک کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے کوویکس کے نام سے ایک پلیٹ فارم بنایا گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر شراکت دار گیوی ویکسین الائنس اور ایپیڈمک پریپئرڈنس انوویشن نے کہا تھا کہ ان کے پاس تقریباً دو ارب ویکسین کی خوراکیں موجود ہیں جو فی الحال تیاری کے مرحلے میں ہیں۔
تاہم بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ویکسین کی فراہمی کا انحصار ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ویکسین کی منظوری اور ممالک کی رضامندی پر ہے۔