نئے اور مہلک وائرس کا پھیلاؤ، درجن بھر ملکوں کا برطانیہ سے رابطہ منقطع
Reading Time: < 1 minuteبرطانیہ میں کورونا کے نئے اور زیادہ مہلک و جان لیوا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد دنیا کے درجن بھر ملکوں نے وہاں سے آنے والی مسافر پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
برطانیہ سے آنے والی پروازوں کو پابندی عائد کرنے والا نیا ملک کینیڈا ہے۔
اس سے قبل ہالینڈ، بیلجیئم، اٹلی اور جرمنی سمیت کئی یورپی ملکوں نے وبا پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر برطانوی مسافروں کے اپنے ملکوں میں داخلے کو روک دیا تھا۔
کینیڈین حکام نے کہا ہے کہ ’برطانیہ کے کچھ علاقوں میں کورونا وائرس کے نئی شکل کے بڑھتے کیسز کی تعداد کے مشاہدے کے بعد برطانیہ سے کینیڈا کے لیے تمام تجارتی اور نجی پروازوں کو 72 گھنٹوں کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
ادھر ہالینڈ نے برطانیہ سے آنے والے بحری جہازوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کو نیدر لینڈ میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وائرس کی بدلتی شکل نے اس وبا کے خلاف عالمی جنگ کو خطرے میں ڈال لیا ہے۔
عالمی صحت حکام کے مطابق کہ کورونا وائرس کی نئی بدلتی شکل کی وجہ سے طبیعت ویسے ہی خراب ہو جاتی ہے جیسے پہلے ہوتی تھی لیکن یہ 70 فیصد زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔
نئے وائرس کی شناخت برطانیہ، متعدد یورپی ممالک، آسٹریلیا اور آفریقہ میں میں ہوئی۔ برطانوی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ یہ ’قابو سے باہر‘ تھا۔
یہ نیا خطرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ، برطانیہ اور چین میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کئی ویکسین تیار ہو چکی ہیں۔